نوجوان نسل پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں، پارلیمنٹ جمہوریت و قانون سازی کی درسگاہ ہے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر


کوئٹہ / اسلام آباد (قدرت روزنامہ)
قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے بلوچستان ماڈل یونائیٹڈ نیشن (BMUN) کے طلبہ و طالبات کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کی ترقی، تعلیم کے فروغ، قومی یکجہتی اور نوجوانوں کے فعال کردار پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر سیدال خان ناصر نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا اصل سرمایہ اور قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، تحقیق اور مثبت سوچ ایک مضبوط و پُرامن معاشرے کی بنیاد ہیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ علم کے ساتھ ساتھ کردار میں اخلاص اور عمل میں دیانت داری اپنائیں تاکہ وہ قیادت کے ذمہ دارانہ کردار کے لیے تیار ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت اور باہمت ہیں، انہیں جدید تعلیم، ہنرمندی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے لانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ صوبے اور ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ نوجوانوں کے لیے ایک تعلیمی درسگاہ ہے، جہاں سے وہ جمہوریت، قانون سازی اور عوامی خدمت کے عملی تقاضوں سے آگاہی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ قومی جذبے، مثبت سوچ اور محنت کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں کیونکہ یہی پاکستان کے تابناک مستقبل کی کنجی ہے۔

بعدازاں وفد کو سینیٹ میوزیم، گلی دستور اور سینیٹ ہال کا دورہ کرایا گیا، جہاں انہیں قانون سازی کے مراحل، سینیٹ کی تاریخ، پارلیمانی روایات اور وفاقی وحدت کے فروغ میں سینیٹ کے کردار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ طلبہ نے اپنے دورے کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے سیدال خان ناصر کا شکریہ ادا کیا۔

WhatsApp
Get Alert