خیبرپختونخوا، سینیٹ کی خالی نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب


پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی خالی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے غیر حتمی نتائج کے مطابق حکومتی امیدوار خرم ذیشان واضح برتری کے ساتھ کامیاب ہوگئے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق خرم ذیشان نے 91 ووٹ حاصل کیے، جبکہ اپوزیشن اتحاد کے امیدوار تاج محمد آفریدی صرف 45 ووٹ لے سکے۔
انتخابی عمل صوبائی اسمبلی کے ہال میں منعقد ہوا، جس میں کل 137 اراکین اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیا۔ ووٹنگ کا عمل پُرامن طور پر مکمل ہوا اور گنتی کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔
یہ نشست سابق سینیٹر شبلی فراز کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی، جنہیں الیکشن کمیشن نے اثاثے ظاہر نہ کرنے پر نااہل قرار دیا تھا۔ غیر حتمی نتائج کے اعلان کے بعد حکومتی اراکینِ اسمبلی اور کارکنان نے خرم ذیشان کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا اور انہیں مبارکباد دی۔
دوسری جانب اپوزیشن اتحاد کے رہنماؤں نے نتائج پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حتمی نتائج اور انتخابی عمل کا جائزہ لینے کے بعد اپنا اگلا لائحہ عمل طے کریں گے۔

WhatsApp
Get Alert