بلوچستان میں کومک پروگرام:30 ہزار معذور افراد کو ماہانہ وظیفہ، تعلیم، اسکالرشپ، شادی کے لیے مالی معاونت اور دیگر سہولیات فراہم کرینگے ‘ ولی محمد نورزئی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا ہے کہ کومک پروگرام صوبے کے معذور افراد کی فلاح و بہبود اور زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک تاریخی قدم ہے۔
انہوں نے معذور افراد کے وفد سے بات چیت کے دوران بتایا کہ اس پروگرام کے ذریعے معذور افراد کی خود انحصاری کو تقویت ملے گی اور انہیں معاشرتی و معاشی میدان میں فعال کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم ہوں گے۔
پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی منظوری کے بعد صوبے کے تمام رجسٹرڈ معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کومک پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس کے تحت 30 ہزار رجسٹرڈ معذور افراد کے لیے 2 ارب روپے کا فنڈ جاری کیا گیا ہے، جس سے ماہانہ وظیفہ، تعلیم، اسکالرشپ، شادی کے لیے مالی معاونت اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے صوبے کے تمام اضلاع کے افسروں اور ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ معذور افراد کی رجسٹریشن جلد مکمل کریں اور پروگرام کے تحت فوری فلاحی اقدامات شروع کیے جائیں، تاکہ معذور افراد ہر ممکن امداد حاصل کرتے ہوئے معاشرے میں بھرپور حصہ لے سکیں۔

WhatsApp
Get Alert