بلوچستان کے عوام کو دانستہ پسماندگی میں رکھا گیا، وسائل چند ہاتھوں تک محدود ہیں — مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت)امیرِ جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو دانستہ طور پر پسماندگی، غربت اور بے روزگاری کی دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے جبکہ صوبے کے وسائل چند بااثر ہاتھوں میں مرتکز کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور اراکینِ اسمبلی بے اختیار ہو چکے ہیں اور عوامی فلاح کے بجائے مفادات کی سیاست ہو رہی ہے۔ صوبائی سیکرٹریٹ الفلاح ہاؤس کوئٹہ میں کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے زور دیا کہ بلدیاتی انتخابات بروقت اور شفاف بنیادوں پر منعقد کیے جائیں تاکہ اختیارات و وسائل نچلی سطح پر منتقل ہو سکیں اور عوام کے مسائل کا عملی حل ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے شہری معیاری تعلیم، علاج، صاف پانی اور ٹریفک نظم و ضبط سے محروم ہیں جبکہ صفا کوئٹہ اور سیف سٹی جیسے منصوبے محض دکھاوا ثابت ہوئے ہیں۔ مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی خدمت، دیانت اور قربانی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور کوئٹہ کو کراچی کی طرح جدید، روشن اور پُرامن شہر بنانے کے لیے عملی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اجتماع میں ضلعی امیر عبدالنعیم رند، مولانا عبدالحمید منصوری، اعجاز محبوب، جمیل احمد مشوانی سمیت بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔
