سپریم کورٹ میں درخواست، PTI کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے عمران خان سے ملاقاتوں میں رکاوٹ کے خلاف کارروائی کی اپیل کی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل، راجہ سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی ہے، جس میں سابق وزیراعظم اور پارٹی کے قائد عمران خان سے ملاقاتوں میں غیر قانونی رکاوٹ ڈالنے اور ان کی قیدِ تنہائی کے خلاف فوری کارروائی کی اپیل کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے عدالتی احکامات کے باوجود گزشتہ آٹھ ماہ سے توہین عدالت کی متعدد زیر التوا درخواستوں پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا۔ اس صورتحال سے نہ صرف انصاف کے بنیادی تقاضے متاثر ہو رہے ہیں بلکہ آئین کے تحت بنیادی انسانی حقوق اور عدالتی عملداری بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
PTI نے اس غیر آئینی عمل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی انفرادی آزادی، ملاقاتوں کے حق اور دیگر بنیادی انسانی حقوق کی ہر قسم کی خلاف ورزی ناقابلِ قبول ہے۔ پارٹی نے اعلیٰ عدلیہ سے فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے قائد سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی جلد اور غیر مشروط رہائی کا دوبارہ مطالبہ کیا ہے۔
