وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی تبدیلی کا خواب محض خواب ہی رہے گا: میر علی مدد جتک کا میر دوستین ڈومکی کے بیان پر ردِعمل

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی میر علی مدد جتک نے میر دوستین ڈومکی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی تبدیلی کا خواب محض خواب ہی رہ جائے گا، کیونکہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کا ان پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرفراز بگٹی اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر صوبے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیے ہوئے ہیں، اور وزیراعظم سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت بھی وزیراعلیٰ بلوچستان پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کر چکی ہے۔ علی مدد جتک نے کہا کہ موجودہ حکومت امن دشمنوں سے جنگ کے ساتھ ساتھ صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھی کوشاں ہے، اور تبدیلی کی باتیں کرنے والے محض سیاسی پوائنٹ سکوررنگ کر رہے ہیں۔
