وزیر اعلیٰ بلوچستان سے خواتین اراکین اسمبلی کی ملاقات؛ ویمن پارلیمنٹرین کاکس کے لیے خصوصی انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی و چیئرپرسن ویمن پارلیمنٹرین کاکس بلوچستان محترمہ غزالہ گولہ کی سربراہی میں خواتین اراکین اسمبلی کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں خواتین کو بااختیار بنانے، فلاح و بہبود اور حکومتی پالیسی سازی میں مؤثر شمولیت کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں ویمن پارلیمنٹرین کاکس بلوچستان کے لیے خصوصی انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کا اہم فیصلہ بھی کیا گیا، جس کا مقصد صوبے میں خواتین کی سیاسی، سماجی اور معاشی کردار کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی قیادت اور فیصلہ سازی میں مؤثر شمولیت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور ترقی کے عمل میں ان کے کردار کو مزید بار آور بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قانون سازی، مفادِ عامہ کے اقدامات اور ترقیاتی عمل میں خواتین اراکین اسمبلی کا متحرک کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ خواتین اراکین کی تجاویز کو بجٹ سازی اور پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ویمن پارلیمنٹرین کاکس کو مضبوط بنانے سے صوبے میں خواتین کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی اور ان کی فلاح و ترقی کے لیے مؤثر اقدامات ممکن ہو سکیں گے۔
