ترقیاتی منصوبوں میں حائل رکاوٹیں فوری دور اور کام کی رفتار تیز کی جائے، شہریوں کو متبادل راستے دیں، کمشنر کوئٹہ شاہزیب خان کاکڑ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے آج یہاں کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران پروجیکٹ ڈائریکٹر کیو ڈی پی رفیق بلوچ نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو منصوبوں کی مجموعی پیشرفت، موجودہ رفتار اور درپیش رکاوٹوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر کمشنر کوئیٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے سبزل روڈ فیز ٹو، اسمنگلی روڈ کی توسیع اور پرنس روڈ توسیعی منصوبے کا موقع پر جا کر معائنہ کیا۔ انہوں نے جاری تعمیراتی منصوبوں کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور جو بھی رکاوٹیں حائل ہیں انہیں فوری طور پر دور کیا جائے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعمیراتی کام کے دوران عوام اور ٹریفک کے لیے مؤثر متبادل راستوں کا انتظام کیا جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ کمشنر نے واضح کیا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل شہر کی بہتری اور ٹریفک کے دباؤ میں کمی کے لیے ناگزیر ہے، اس لیے تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کریں۔دورے کے دوران کمشنر نے موقع پر موجود افسران کو شہری سہولت کو اولین ترجیح دینے اور منصوبوں کو معیار اور رفتار کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
