جنگ کا بینیفشری نہیں متاثرہ فریق ہوں، 280 لاشیں اٹھائی ہیں، پاکستان کے ساتھ کھڑا رہوں گا، میر سرفراز بگٹی

شہیدا کے بچوں کو ہارورڈ اور آکسفورڈ میں پڑھانا ہماری ذمہ داری ہے، میرٹ پر سمجھوتہ نہیں کریں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں میڈیا ہاؤسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کم آمدنی والے میڈیا ورکرز اور شہید صحافیوں کے اہلخانہ کو مفت فلیٹس دینے کا اعلان کر دیا۔ تقریب سے جذباتی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے شہید صحافیوں کے خاندانوں کو حکومت مفت فلیٹس فراہم کرے گی اور ان کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم، چاہے وہ لارنس کالج ہو، ایچیسن، آکسفورڈ یا ہارورڈ، اس کے تمام اخراجات حکومت بلوچستان اٹھائے گی۔
میڈیا ہاؤسنگ اسکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ اسکیم میں دو کیٹیگریز رکھی گئی ہیں۔ تھری بیڈ روم فلیٹس ان دوستوں کے لیے ہیں جو اقساط ادا کر سکتے ہیں، جبکہ ٹو بیڈ روم فلیٹس ان “چھوٹے ورکرز” (کیمرہ مین، اسٹاف) کے لیے ہیں جو زیادہ بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان عام ورکرز کو قرعہ اندازی کے ذریعے میرٹ کی بنیاد پر بالکل مفت فلیٹس دیے جائیں گے اور یہ حکومت کی طرف سے ان کا حق ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ منصوبے پر آج ہی سے کام شروع کیا جائے اور وعدہ کیا کہ یکم جنوری 2027 تک منصوبہ مکمل کرکے چابیاں صحافیوں کے حوالے کر دی جائیں گی۔
اپنے اوپر ہونے والی تنقید اور “ٹویٹر سردار” کے طعنوں کا جواب دیتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ میں جنگ کا بینیفشری (فائدہ اٹھانے والا) نہیں بلکہ ایفیکٹی (متاثرہ فریق) ہوں۔ میں نے اپنے خاندان اور قبیلے کے 280 لوگوں کی لاشیں اٹھائی ہیں اور آج بھی 280 بیواؤں اور ان کے بچوں کی کفالت کر رہا ہوں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ میرا سیاسی سرمایہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر لاشیں دینا ہے، مجھے سوشل میڈیا مہمات کی پرواہ نہیں، میں مظلوم کے ساتھ کھڑا ہوں اور کسی صورت ظالم کا ساتھ نہیں دوں گا اور نہ ہی اپنے موقف سے پیچھے ہٹوں گا۔
وزیر اعلیٰ نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ اس اسکیم کو مجھ پر کوئی احسان نہ سمجھیں بلکہ یہ ان کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری غلطیوں کی نشاندہی کریں، سچ کو فروغ دیں اور بلیک میلنگ کی حوصلہ شکنی کریں۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند اور دیگر حکام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ غریب اور عام ورکر کی حق تلفی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert