کراچی: گارمنٹس فیکٹری میں بھڑکنے والی آگ سے عمارت منہدم، دو فائر فائٹر زخمی
فیکٹری کے اطراف میں موجود لوگوں کو دور ہٹایا جارہا ہے، ریسکیو حکام

کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے لانڈھی کی گارمنٹس فیکٹری میں لگنے والی آگ کی شدت کے باعث عمارت منہدم ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں 2 فائر فائٹرز بھی زخمی ہوگئے۔
کراچی کے صنعتی علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں واقع گارمنٹس فیکٹری میں جمعرات کے روز لگنے والی آگ خطرناک صورت اختیار کرچکی ہے۔ آگ کی شدت کے باعث عمارت کے مختلف حصوں گرنے لگے ہیں، جس کی زد میں آکر 2 فائر فائٹرز زخمی ہوگئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ کی شدت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اور اس وقت 12 سے زائد اسنارکلز اور ریسکیو گاڑیاں آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے اگ کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ تاحال آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ حکام نے آگ کی شدت کے باعث اسے تیسرے درجے کی آگ قرار دے دیا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو بحفاظت عمارت سے باہر نکال لیا گیا ہے۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے شہر بھر سے مزید فائر ٹینڈرز کو طلب کیا گیا ہے تاکہ آگ بجھانے کے عمل کو تیز کیا جاسکے جبکہ اطراف کی فیکٹریوں میں موجود فائر ٹیموں کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
