کوئٹہ شہر کے اندر گوداموں، شورومز اور کار پارکنگز پر غیر قانونی چھاپے اور گاڑیوں کو اٹھانے جیسے اقدامات نے عوام کو شدید متاثر کیا ہے اور ہزاروں لوگوں کا کاروبار اور روزگار خطرے میں پڑ چکا ہے،پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کسٹم، ایف سی، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں موٹر شورومز، گوداموں اور گاڑیوں کی پارکنگ ایریاز پر غیر قانونی چھاپوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی سرپرستی میں کیے جانے والے یہ اقدامات ہمارے عوام کے معاشی قتل عام کے مترادف ہیں۔ ان اقدامات کے ذریعے عوام کو معاشی طور پر کمزور کرکے انہیں بے روزگار بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو ایک انتہائی افسوسناک اور المناک عمل ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایک جانب ڈیورنڈ لائن پر تجارت مکمل طور پر بند ہے، جبکہ چمن ویش بارڈر پر گزشتہ دو سال سے زائد عرصے سے دھرنا جاری ہے۔ اسی طرح ڈیورنڈ لائن کے دیگر راستوں پر بھی تمام تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔ اس صورتحال میں کوئٹہ شہر کے اندر گوداموں، شورومز اور کار پارکنگز پر غیر قانونی چھاپے اور گاڑیوں کو اٹھانے جیسے اقدامات نے عوام کو شدید متاثر کیا ہے اور ہزاروں لوگوں کا کاروبار اور روزگار خطرے میں پڑ چکا ہے۔ مزید کہا گیا کہ یہ انتہائی تشویشناک عمل ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں نے ایک جانب پشتونخوا وطن اور بلوچستان کے عوام پر دہشت گردی مسلط کر رکھی ہے، جس کے نتیجے میں ہمارے بے گناہ عوام کا قتل عام ہو رہا ہے اور لوگ اپنے گھروں سے نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ جبکہ دوسری جانب تباہ کن قحط سالی اور خشک سالی نے زراعت کو مکمل طور پر متاثر کر رکھا ہے۔ ایسی سنگین صورتحال میں عوام سے روزگار چھیننا انہیں زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی واضح کرتی ہے کہ حکومت کے اس غیر آئینی اور غیر قانونی طرزِ عمل کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ پارٹی اپنے عوام کے روزگار کے حق کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی اور عوام کے معاشی حقوق کے تحفظ کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔ آخر میں بیان میں وفاقی حکومت اور اس کے ماتحت اداروں خصوصاً کسٹم، ایف سی، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ غیر قانونی چھاپوں سے مکمل اجتناب کریں اور عوام کو روزگار کا آئینی و قانونی حق فراہم کریں تاکہ معاشی بدحالی کے شکار لوگ مزید مشکلات کا شکار نہ ہوں۔

WhatsApp
Get Alert