وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے مائنز اونرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد کی اہم ملاقات

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں مائنز اونرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد سے ملاقات کی، جس میں وفد نے صوبائی حکومت کی کانکنی کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کی پالیسی پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں چیمبر آف مائنز کے قیام، اراضی کی فراہمی اور کان کنی کے شعبے سے متعلق دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کانکنی کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینے سے مزدوروں کو بہتر تحفظ اور سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ صوبائی حکومت مائننگ سیکٹر کے سرمایہ کاروں اور ورکرز کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گی اور مائنز اینڈ منرلز کا شعبہ صوبے کی ترقی میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ مائننگ سیکٹر میں شفافیت اور جدید نظام متعارف کرانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کانکنی سے وابستہ مزدوروں کی فلاح اور ورکنگ کنڈیشنز کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے معدنی وسائل کو قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے کھولا جا رہا ہے اور معدنیات کے تحفظ اور غیر قانونی کانکنی کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔
وفد نے چمالنگ اور دکی میں ورکرز کے لیے ریسکیو سینٹر کے قیام اور کان کنی کے شعبے میں اصلاحات پر صوبائی حکومت سے شکرگزاری کا اظہار کیا۔
ملاقات میں صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی، رکن اسمبلی پرنس آغا عمر احمد زئی، اے سی ایس داخلہ، سیکرٹری اور ڈی جی مائنز سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔
