قائد اعظم کی دیانت اور اصول پسندی آج بھی مشعل راہ ہیں، فلاحی ریاست کا خواب پورا کریں گے: سرفراز بگٹی
بلوچستان میں گڈ گورننس اور عوامی خدمت کے وژن کو قائد کے اصولوں کے مطابق آگے بڑھائیں گے: یوم ولادت پر پیغام

کوئٹہ( ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائدِ اعظم کی دیانت، اصول پسندی، قانون کی بالادستی اور جمہوری اقدار آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں پاکستان کا قیام قائدِ اعظم کی انتھک جدوجہد، بصیرت اور قیادت کا نتیجہ ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح نے ایک ایسی فلاحی، جمہوری اور آئینی ریاست کا تصور پیش کیا تھا جہاں قانون کی حکمرانی، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور سماجی انصاف کو یقینی بنایا جائے بلوچستان حکومت قائدِ اعظم کے افکار کی روشنی میں صوبے کی ترقی، امن و امان کے قیام اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوان نسل کو قائدِ اعظم کی زندگی، جدوجہد اور کردار سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کو اپنا نصب العین بنانا چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں گڈ گورننس، شفافیت اور عوامی خدمت کے وژن کو قائدِ اعظم کے سنہری اصولوں کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر کہا کہ قائدِ اعظم پاکستان ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی ۔تاکہ ملک کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
