دنیا پنجاب کے اقدامات کی معترف، نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ ہانگ کانگ سمٹ میں مریم نواز کا کلیدی خطاب

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کی طرف سے ماحولیاتی تحفظ کے لیے پنجاب کے موثر اقدامات کا اعتراف باعث اطمینان ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ایشیا میں پہلی بار منعقدہ نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ ہانگ کانگ سمٹ میں کلیدی خطاب کی دعوت دی گئی ہے جہاں وہ 30 نومبر کو شرکت کریں گی اور وہ اپنے وفد کے ہمراہ ہانگ کانگ پہنچ گئی ہیں۔
مریم نواز نے اجلاس میں کلیدی خطاب کے لیے ٹرسٹ کے چیئرمین کے خط پر کہا کہ نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کی طرف سے ماحولیاتی تحفظ کے لیے پنجاب کے مؤثر اقدامات کا اعتراف باعث اطمینان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گرین ٹرانسپورٹ، فیول وہیکل کی سرکاری خریداری پر پابندی، فضائی معیار میں بہتری کے لیے اقدامات مؤثر ثابت ہو رہے ہیں، جنگلات میں آتشزدگی کی پیشی وارننگ کا جدید ترین نظام بھی ایک بڑی کامیابی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ماحولیات میں بہتری اور تحفظ کے لیے نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ سے اشتراک کار خوش آئند ثابت ہوگا، دنیا پنجاب کے مؤثر اور پائیدار اقدامات کی معترف ہے، یہ پنجاب کے عوام کا بہت بڑا اعزاز ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پہلی مرتبہ پنجاب کو دنیا بھر میں عوام دوست مؤثر اقدامات، بے مثال پراجیکٹس اور فلاحی پروگرامو ں کی وجہ سے جانا جاتا ہے، پنجاب کو شان دار پنجاب بنانے کا عزم اور عہد ضرور نبھائیں گے۔
قبل ازیں نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ سمٹ میں چیئرمین پیٹر نوبل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خصوصی طور پر کلیدی خطاب کے لیے مدعو کیا اور ہانگ کانگ میں نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کے حکام کی طرف سے پنجاب کے وفد کا شان دار خیر مقدم کیا گیا۔
نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ سمٹ کے چیئرمین پیٹر نوبیل نے اپنے خط میں پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے وزیراعلیٰ مریم کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا پائیدار ترقی کے لیے عملی طریقے کار اپنانے کا تجربہ عالمی برادری کے لیے مفید ثابت ہوگا۔
چیئرمین نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ نے کہا کہ پنجاب کے وفد کی شرکت سے نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ ہانگ کانگ سمٹ کے مباحثوں کو مؤثر اور عالمی تعاون کے فروغ کا باعث ہوگی، پائیدار ترقی کے لیے پنجاب کے وژن، تجربات اور کامیابیوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنامستحسن عمل ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اور نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ ہانگ کانگ سمٹ کے درمیان طویل المدتی تعاون کے خواہاں ہیں۔
نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کے سربراہی اجلاس میں، سربراہان مملکت، اہم وزرا، عالمی تنظیموں کے نمائندے، نوبل خاندان اور سائنس دان شریک ہیں۔
