زرغون روڈ اور سمنگلی روڈ کے تمام زیرِ التواء ترقیاتی کام 31 دسمبر تک مکمل کیے جائیں: بلوچستان ہائیکورٹ
تاخیر پر ٹھیکیدار پر جرمانہ عائد کرنے کی کارروائی جاری، کچرا پھینکنے سے روکنے کیلئے پولیس تعیناتی اور عارضی باڑ لگانے کا حکم، 31 دسمبر کو تعمیلی رپورٹ طلب

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے آئینی درخواست نمبر 824/2016 کی سماعت کے دوران زرغون روڈ اور سمنگلی روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں، صفائی ستھرائی اور ملبہ اٹھانے سے متعلق عدالتی احکامات پر عمل درآمد کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تمام زیر التوا کام 31 دسمبر 2026ء تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔سماعت کے دوران درخواست گزار سید نذیر آغا ایڈووکیٹ ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے، جبکہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرلز ظہور احمد بلوچ اور سلمیٰ عبدالفتاح، کنٹونمنٹ بورڈ کوئٹہ کے وکیل راجیش ناتھ کوہلی، ایڈیشنل کمشنر (ریونیو) کوئٹہ ایسٹ حافظ محمد طارق، میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے وکیل اظہار الحق، نادر علی چلگری ایڈووکیٹ، ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر چیف منسٹر کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکیج عابد محمود، سپرنٹنڈنٹ سی ایم پی کیو ڈی علی عمران اور پروجیکٹ ڈائریکٹر کے وکیل زرق خان کاکڑ بھی عدالت میں موجود تھے۔عدالت کے سابقہ حکم مورخہ 5 نومبر 2026ء کی تعمیل میں ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر چیف منسٹر کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکیج نے سائنس کالج سے ہاکی چوک اور وہاں سے اکرم ہسپتال تک سڑک اور اس سے منسلک بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی کاموں سے متعلق پیش رفت رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق سڑک پر اسفالٹک پہننے کا کام مکمل ہو چکا ہے، کرب اسٹون اور پیورز کی تنصیب بھی مکمل کر لی گئی ہے، تاہم بعض مقامات پر معمولی ترامیم اور بہتری کا کام باقی ہے۔ سائن بورڈز کی تنصیب جاری ہے جبکہ گینٹری بورڈز اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب تاحال مکمل نہیں ہو سکی۔ ریلوے کی جانب شجرکاری اور کریپرز لگانے کا کام بھی جاری ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ زرغون روڈ سے ملبہ ہٹا دیا گیا ہے جبکہ حفاظتی گرلز کی تنصیب کا کام جاری ہے، جو آئندہ تین سے چار روز میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔ گرلز کی تنصیب کے بعد شجرکاری کا عمل شروع کیا جائے گا۔اس موقع پر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے بھی تعمیلی رپورٹ اور تصویری شواہد عدالت میں پیش کیے گئے، جن سے سمنگلی روڈ اور زرغون روڈ سے ملبہ اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کے اقدامات کی تصدیق ہوتی ہے۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے اجلاس کے منٹس بھی عدالت میں پیش کیے، جن میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور صفائی کے متعلقہ ادارے دونوں مقامات، یعنی شہباز ٹاؤن سمنگلی روڈ اور اکرم ہسپتال کے سامنے زرغون روڈ، سے سالڈ ویسٹ، کوڑا کرکٹ اور دیگر میونسپل فضلے کو باقاعدگی سے اٹھانے اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کو یقینی بنائیں گے۔ ان مقامات پر ویسٹ کلیکشن پوائنٹس قائم کیے جائیں گے اور مستقل نظام وضع ہونے تک کچرے اور ملبے کی غیر قانونی ڈمپنگ روکنے کے لیے عارضی دیوار یا باڑ لگائی جائے گی۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ متعلقہ انتظامیہ کے تعاون سے دونوں مقامات پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کرنے اور مؤثر نگرانی و گشت کا انتظام یقینی بنائیں گے، تاکہ کوئی شخص، ٹھیکیدار، دکاندار یا نجی ٹرالی آپریٹر وہاں غیر قانونی طور پر ملبہ یا ٹھوس فضلہ نہ پھینک سکے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ مزید برآں، اسپیشل مجسٹریٹ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ، انسداد تجاوزات سیل اور متعلقہ پولیس حکام عدالتی احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔عدالت کو بتایا گیا کہ تمام متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے اور اشتراک کے ذریعے ان فیصلوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے تصویری شواہد سمیت جامع تعمیلی رپورٹس ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کے دفتر میں اگلی سماعت، 26 نومبر 2026ء ، سے قبل جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔دوران سماعت عدالت کے استفسار پر ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ زرغون روڈ منصوبے کی تکمیل کی مقررہ آخری تاریخ 31 اکتوبر 2026ء تھی، جو گزر چکی ہے، تاہم منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کے باعث متعلقہ ٹھیکیدار پر جرمانہ عائد کرنے کی کارروائی جاری ہے، جس کی رقم اس کے حتمی بل سے منہا کی جائے گی۔عدالت نے ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ پل کی حفاظتی دیواروں کے دونوں اطراف کھدائی اور پھولوں کی کیاریوں کی تیاری کا کام یقینی بنایا جائے، جبکہ سڑک کے ساتھ اندرونی شجرکاری سمیت منصوبے کے تمام باقی ماندہ ترقیاتی کام 31 دسمبر 2026ء یا اس سے قبل ہر صورت مکمل کیے جائیں۔عدالت نے مزید حکم دیا کہ مذکورہ تمام کاموں کی تکمیل سے متعلق جامع تعمیلی رپورٹ 31 دسمبر 2026ء کو ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کے دفتر کے ذریعے ہائی کورٹ کے رجسٹرار کو چیمبر میں پیش کی جائے، تاکہ عدالت اس کا جائزہ لے سکے۔عدالت نے اپنے حکم کی نقل ضروری معلومات اور تعمیل کے لیے ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کے دفتر کو ارسال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت دفتر کی جانب سے مقرر کردہ تاریخ پر ملتوی کر دی۔
