تجارتی راستوں کی بندش نے معیشت تباہ کر دی، فارم 47 کی حکومت کو عوامی مینڈیٹ حاصل نہیں: عبدالرحیم زیارتوال


چمن (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع چمن کی ضلعی کمیٹی کا ماہانہ اجلاس مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال کی زیر صدارت ضلعی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال، صلاح الدین ناظم اور صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں ضلع چمن کی تینوں تحصیلوں کی جانب سے تنظیمی رپورٹس پیش کی گئیں، جن میں تنظیمی سرگرمیوں اور عوامی رابطہ مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس نے پیش کردہ کارکردگی رپورٹ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 2 دسمبر کو خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت کی 53ویں برسی کے موقع پر کوئٹہ میں منعقد ہونے والے مرکزی جلسہ عام میں ضلع چمن سے جلوسوں اور قافلوں کی صورت میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔ اس سلسلے میں تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی اور کارکنوں کو بروقت کوئٹہ پہنچنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ضلع چمن میں امن و امان کی خراب صورتحال، ڈیورنڈ لائن سمیت تجارتی راستوں کی بندش اور ہوشربا مہنگائی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے مسلط کی گئی حکومت عوام کی نمائندہ نہیں اور نہ ہی اسے عوامی مینڈیٹ حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین کی بحالی و بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری اور قانون کی حکمرانی سے انکار کے باعث ملک عالمی تنہائی اور ہمہ جہت بحرانوں کا شکار ہوچکا ہے۔ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث پشتون عوام بے روزگاری، مہنگائی اور بدامنی سے دوچار ہیں جبکہ تجارتی راستوں کی بندش نے چمن سمیت پورے پشتونخوا وطن کی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔مقررین نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے افکار و نظریات کو عوام تک پہنچائیں اور 2 دسمبر کے مرکزی جلسہ عام کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے دن رات محنت کریں۔ انہوں نے عوام سے بھی جلسے میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔

WhatsApp
Get Alert