قومی اسمبلی کا اجلاس یکم دسمبر کو طلب، صدر مملکت نے منظوری دے دی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی کا اجلاس یکم دسمبر کو طلب کرنے کی سمری منظور کر لی ہے۔

وفاقی حکومت نے اہم معاملات پر قانون سازی کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ یکم دسمبر کو شام پانچ بجے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے لیے سمری صدر مملکت کو ارسال کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کی منظوری کے بعد یکم دسمبر کو شروع ہونے والا قومی اسمبلی اجلاس 24 دسمبر تک جاری رہے گا۔

اتوار کے روز ایوان صدر کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں صدر مملکت آصف زرداری کی جانب سے وفاقی حکومت کی جانب سے بھیجی گئی سمری منظور کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز زرداری ہاؤس اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری سے ہونے والی ملاقات میں حکومتی وفد نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کی توثیق کے حق میں ووٹ دینے کے لیے پیپلز پارٹی سے حمایت مانگی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں حکومتی وفد نے اہم قانون سازی کے حوالے سے بھی پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی۔

زرداری ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں حکومتی وفد نے شرکت کی، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شامل تھے، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی نوید قمر موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئندہ ہفتے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا امکان بھی زیر غور آیا، جس میں اہم قانون سازی اور دیگر قومی امور زیر بحث آ سکتے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی توثیق کے معاملے پر حکومتی مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے اس کے حق میں ووٹ دینے کی ہامی بھر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی توسیع کی توثیق کے لیے ڈیڈلائن 11 دسمبر ہے اور وفاقی حکومت کی جانب سے اس مقصد کے لیے پیپلزپارٹی کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کے لیے سمری صدر مملکت کو ارسال کر دی گئی ہے جب کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے گورنر راج کی توثیق کے لیے حکومتی مؤقف کی حمایت کا امکان ہے۔

WhatsApp
Get Alert