مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ کے مالک امان اللہ کے فارم ہاؤس کی الاٹمنٹ منسوخ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر G-6/4 میں واقع جس گھر میں جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان رہائش پذیر ہیں، وہ گھر امان اللہ نامی شخص کے نام پر ہے، جن کے گلبرگ گرینز میں واقع فارم ہاؤس کی الاٹمنٹ اور ٹرانسفر منسوخ کردی گئی، اطلاع ہے کہ اگلا نمبر اب G-6/4 والے گھر کا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امان اللہ، جن کے نام پر اسلام آباد G-6/4 والا گھر ہے جس میں مولانا فضل الرحمٰن رہائش پذیر ہیں، انہی کے گلبرگ گرینز کے فارم ہاؤس کی الاٹمنٹ اور ٹرانسفر منسوخ کر دی گئی ہے، موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق گلبرگ گرینز فارم ہاؤس کی منسوخی کے بعد اگلا نمبر اب اسلام آباد کے سیکٹر G-6/4 میں واقع اسی گھر کا ہے۔
غریدہ فاروقی نے اپنے بیان میں کہا کہ امان اللہ کے بارے میں ثابت ہو چکا ہے کہ وہ پاکستانی شہری نہیں ہیں اور ان کا قومی شناختی کارڈ منسوخ ہو چکا ہے، جبکہ ان کے والد بھی پاکستانی نہیں تھے اور مبینہ طور پر دو جعلی پاکستانی شناختی کارڈ رکھتے تھے۔
قانونی نکات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ فارنرز ایکٹ 1946ء کے مطابق کوئی بھی غیر ملکی شہری وفاقی حکومت کی باقاعدہ اجازت کے بغیر پاکستان میں جائیداد نہیں رکھ سکتا، اور امان اللہ کے پاس وفاقی حکومت کی جانب سے ایسی کوئی اجازت موجود نہیں تھی۔
یہ انکشافات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب حکومتی رہنماؤں کی جانب سے بھی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ اور امان اللہ کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، قبل ازیں پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کا گھر ایک افغان شہری کے نام پر تھا، لہٰذا انہیں بتانا چاہیے کہ افغانستان کا امان اللہ کون ہے اور اعلیٰ عدلیہ کو ان سے منی ٹریل بھی لینی چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert