بلوچستان میں 99 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلا دیئے گئے، 3 ہزار والدین کا انکار
انکاری والدین کو قائل کرنے کیلئے مہم تیز کی جائے گی، پولیو کا خاتمہ ممکن بنائیں گے: ای او سی حکام

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان میں بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانے کے لیے جاری انسدادِ پولیو مہم کے دوران قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کی تعداد سامنے آگئی ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی)کے حکام کے مطابق صوبے بھر میں انسدادِ پولیو مہم 15 سے 21 دسمبر تک جاری رہی۔ای او سی حکام کا کہنا ہے کہ سات روزہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران مجموعی طور پر 99 فیصد ہدف حاصل کرلیا گیا، جو مہم کی کامیابی کی عکاسی کرتا ہے۔ تاہم اس کے باوجود صوبے کے مختلف اضلاع میں بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلانے سے انکار کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔حکام کے مطابق بلوچستان بھر میں مجموعی طور پر 3 ہزار والدین نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا، جس پر متعلقہ ٹیموں نے آگاہی اور قائل کرنے کی کوششیں جاری رکھیں۔ ای او سی حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ انکاری والدین کو قائل کرنے کے لیے آئندہ مہمات میں مزید مثر حکمتِ عملی اپنائی جائے گی تاکہ صوبے سے پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جاسکے۔
