تنازع کشمیر کا پرامن حل جنوبی ایشیا میں استحکام کے لیے ضروری ہے، آرمی چیف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ تنازع کشمیر کا پرامن حل جنوبی ایشیا میں استحکام کے لیے ضروری ہے۔پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے جاپان کے سفیر مسٹر واڈا مٹسو ہیرو نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔
آرمی چیف نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں انسانی المیے کو روکنے اور امداد پہنچانے کے لیے فوری طور پر ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی فوری ضرورت ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان علاقائی امن اور خوشحالی کے لیے اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان جاپان کے عالمی و علاقائی امور میں کردار کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔
جاپانی سفیر نے افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کے کردار، علاقائی استحکام کے لیے خصوصی کوششوں کو سراہا۔ جاپانی سفیر نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔