آج اقوام بگٹی نے جو دستار میرے سر رکھی ہے وہ ایک امانت ہے میں آپ اقوام سے یہ وعدہ کرتا ہوں کہ میں آپ کے توقعات پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کرتے ہوئے آپکے ساتھ پوری ایمانداری اور محنت کے ساتھ کھڑا رہوں گا ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان چیف آف بگٹی قبائل۔ سرفراز خان بگٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو اقوام بگٹی کی جانب سے باضابطہ طور پر دستار باندھ کر چیف آف بگٹی قبائل کے منصب سے نوازا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو نواب میر عالی خان بگٹی کے بھائی نوابزادہ زامران سلیم اکبر خان بگٹی سمیت بگٹی قبیلے کے طائفوں کے چیف نے چیف آف بگٹیز کی دستار پہنائی اس موقع پر اراکین صوبائی و قومی اسمبلی، صوبائی وزراء اور اقوام بگٹی کے عمائدین و معززین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ چیف آف بگٹیز میر سرفراز بگٹی نے تمام معززین اور حاضرین پنڈال کو خوش آمدید کہا انہوں نے اقوام بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے آپ لوگوں نے بہت بڑی ذمہ داری سونپی ہے میں سمجھتا ہوں کہ آج آپ نے جو دستار میرے سر پہ رکھی ہے یہ دستار ایک امانت ہے ایک ایسی امانت جو انصاف اور بہادری کا تقاضا کرتی ہے ایک ایسی دستار جو ہمیشہ بھائی چارے محبت اور اخلاص کا تقاضا کرتی ہے میں آپ اقوام سے یہ وعدہ کرتا ہوں کہ میں انشاءاللہ تعالی آپ کی تمام توقعات پہ پوری ایمانداری کے ساتھ پوری محنت کے ساتھ پورے جذبے کے ساتھ آپ کے ساتھ کھڑا تھا اور کھڑا رہوں گا اپنی قوم کو مایوس نہیں کروں گا انہوں نے کہا کہ بگٹی قوم نے جو یقین اعتبار، اور اعتماد اس دستار کی صورت میں میرے سر پہ رکھی ہے یہ دستار اسی صورت میں اسی محبت کے ساتھ اسی خلوص کے ساتھ آپ کی خدمت میں ہمیشہ حاضر رہے گی اور میں اس دستار کا قرض اتارنے کی کوشش کروں گا بالخصوص تعلیمی میدان میں آج بگٹی بہت پیچھے رہ گئے ہیں اس سے پہلے بھی میں نے بہت سے بچوں کو پاکستان کے بڑے تعلیمی اداروں بشمول لارنس کالج صادق پبلک سکول بہاولپور و دیگر معیاری اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جہاں بلوچستان کے بچے پڑھ رہے ہیں جن میں بگٹی اقوام کے بچے بھی شامل ہیں میں وزیراعظم پاکستان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہمارے علاقے میں ایک دانش سکول منظور کیا جس کے ٹینڈر ہو چکے ہیں اور اس کی تکمیل بہت جلدی ہوگی انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جس جگہ ہم موجود ہیں بالکل اسی مقام پر ایک عظیم الشان بلڈنگ زیر تعمیر ہے جس میں بگٹی قبائل کے 300 بچوں کے لئے انتظامات کیے گئے ہیں اس کے ساتھ ساتھ امریکن سکول میں ہم نے جو انڈومنٹ فنڈ بنایا ہے جس کے ذریعے مقامی بچوں کو بھی معیاری تعلیم فراہم کریں گے انہوں نے کہا کہ میں آج کے دن اپنے لیے بہت بھاری ذمہ داری سمجھتا ہوں لیکن قوم کی خواہش اور اعتبار کی وجہ سے میں نے چیف آف بگٹیز کی ذمہ داری قبول کی ہے اور اس احساس کے ساتھ یہ ذمہ داری قبول کی ہے کہ میں نے دن رات بگٹی قبائل کی خدمت کرنی ہے اور میں یہ آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ چاہے جو بھی وقت ہو بگٹی قبائل پہ جو بھی مسئلہ ہو ہمسایہ قبائل میں جو بھی مسئلہ ہو ضرور حل کرنے کی کوشش کرینگے اور میں ہر معاملے میں خیر کی طرف بڑھوں گا میں خیر کی طرف مثبت قدم اٹھاؤں گا اور آپ کی خدمت میں ہمیشہ حاضر رہوں گا انہوں نے بگٹی اقوام ، چیف صاحبان اپنے خاندان اور مسوری قبائل کے تمام دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں بلوچ قوم کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ بلوچ قوم کو ایک لاحاصِل جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے

بلوچ کبھی تشدد کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکتے انہوں نے واضح کیا کہ ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ تھا اور ہمیشہ رہے گا انہوں نے کہا کہ میں عوام کو میں پیغام دینا چاہتا ہوں بالخصوص ان بلوچ بھائیوں کو جو بلوچ بھائی آج پہاڑوں پہ مذاحمت کا راستہ اپنائے ہوئے ہیں میں ان سے یہ گزارش کرتا ہوں کہ آپ کو ایک لاحاصل جنگ میں ڈالا گیا ہے جس میں آپ کو کشت وخون کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا بلوچ قوم اگر آج نہیں نہیں سوچے گی تو 40 سال بعد ان کو سوچنا پڑے گا لہذا میں ریاست کی جانب سے حکومت کی جانب سے یہ گزارش کر رہا ہوں کہ آپ واپس تشریف لے آئیں آپ پاکستان کے قومی ادارے میں شامل ہو جائیں بصورت دیگر ریاست کو اپنی رٹ اسٹیبلش کرنا آتی ہے انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو مزدوروں کو نہتے لوگوں کو مارنا ہماری روایت نہیں ہے پنجابی مزدوروں کو قتل کرنا خواتین کو ہراساں کرنا انجینیئرز اور ڈاکٹرز کو قتل کرنا ہماری روایات نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ آج کا دن روایتوں کا دن ہے ہم بلوچ روایتوں کے امین لوگ ہیں ہم قطعاً اس کی اجازت نہیں دے سکتے کہ کوئی بندوق کے زور پہ اپنا نظریہ مسلط کرے رٹ آف سٹیٹ ہمیشہ قائم کرنی پڑتی ہے اور ہم رٹ آف سٹیٹ قائم کرنے کے لیے کوئی بھی کمی نہیں چھوڑیں گے اور بالخصوص بگٹی قبائل اور سرفراز بگٹی اس مظلوم عورت کے ساتھ کھڑے ہوں گے جس عورت کے سامنے موسیٰ خیل میں اس کے بیٹے اور شوہر کو گولیوں سے چھلنی کیا گیا انہوں نے واضح کیا کہ آپ مجھے ہمیشہ مظلوم کے ساتھ کھڑا پائینگے ظالم جہاں بھی ظلم کرے گا میں اس کے خلاف کھڑا ہوں گا اور مظلوم کے ساتھ کھڑا ہوں گا میرے والد مظلوم کے ساتھ کھڑے رہے ، میرے چچا مظلوم کے ساتھ کھڑے رہے میرا خاندان مظلوم کے ساتھ کھڑا رہا میں کبھی بھی ظالم کا ساتھ کسی صورت نہیں دے سکتا، قبل ازیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اقوام بگٹی اور تقریب کے شرکاء سے بلوچی میں خطاب کیا
