بلوچستان گرینڈ الائنس کا احتجاج: 29 دسمبر سے قلم چھوڑ ہڑتال، 30 اور 31 کو مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

ڈھائی لاکھ ملازمین متحد ہیں، حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کا مقابلہ کریں گے: گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن آئینی بلوچستان نے اعلان کیا ہے کہ بلوچستان گرینڈ الائنس کی کال پر آج 29 دسمبر سے صوبے بھر میں قلم اور کام چھوڑ ہڑتال کا آغاز کیا جا رہا ہے، جبکہ 30 اور 31 دسمبر کو پورے بلوچستان میں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔ جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے ڈھائی لاکھ ملازمین اپنے حقوق، بقا اور بچوں کے محفوظ مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ حکومت کی بدنیتی، وعدہ خلافیوں اور طفل تسلیوں کے بعد یہ تحریک دوبارہ شروع ہو چکی ہے۔
بیان میں ملازمین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی سرکاری دفتر میں کام نہ ہونے دیں تاکہ حکومت کو واضح پیغام مل سکے کہ ژوب سے گوادر تک تمام ملازمین متحد ہیں۔ ایسوسی ایشن نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں، دباؤ اور دھمکیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert