بِمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کی پاکستان کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز 29 جنوری سے ہوگا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطوں میں ایک اہم پیشرفت کے طور پر قومی فضائی کمپنی بِمان بنگلہ دیش ایئرلائنز نے ڈھاکہ–کراچی–ڈھاکہ براہِ راست بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وی نیوز کے مطابق بِمان بنگلہ دیش ایئرلائنز 29 جنوری 2026 سے ڈھاکہ اور کراچی کے درمیان براہِ راست پروازیں چلانا شروع کرے گی۔ قومی فضائی کمپنی کے اعلامیے کے مطابق ابتدائی مرحلے میں یہ پروازیں ہفتے میں دو دن، جمعرات اور ہفتہ کو آپریٹ کی جائیں گی۔

پروازوں کے شیڈول کے مطابق (مقامی وقت کے مطابق) ڈھاکہ سے کراچی کی پرواز رات 8 بجے روانہ ہو کر رات 11 بجے کراچی پہنچے گی، جبکہ کراچی سے ڈھاکہ کی پرواز رات 12 بجے روانہ ہو کر صبح 4 بج کر 20 منٹ پر ڈھاکہ پہنچے گی۔
ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ اس نئے روٹ سے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان سفر مزید آسان ہو جائے گا اور اس سے تجارت، سیاحت اور خاندانی روابط کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ بِمان بنگلہ دیش ایئرلائنز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جدید طیاروں اور تربیت یافتہ عملے کے ذریعے مسافروں کی حفاظت اور معیاری سروس کو یقینی بنایا جائے گا۔
مسافر ٹکٹوں کی بکنگ اور مزید معلومات کے لیے بِمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کے سیلز دفاتر، مجاز ٹریول ایجنٹس، کال سینٹر (13636 / +88096109-13636) یا ایئرلائن کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔
