ژوب: کیسکو کی زیادتیوں اور بدامنی کے خلاف عوام سڑکوں پر، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی کال پر شدید احتجاج

ژوب (ڈیلی قدرت کوئٹہ ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی جانب سے جاری احتجاجی تحریک کے سلسلے میں ژوب کے ظریف شہید پارک میں ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ اس احتجاجی مظاہرے سے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی نائب صدر عبدالقیوم مندوخیل ایڈووکیٹ، پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن مولوی عبداللہ، علاقائی سیکریٹری رحمت خان، پی ایس او کے سینئر معاون سیکریٹری ایمل ساروان اور صوبائی کلچر سیکریٹری مامون شعور نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پورے صوبے بالخصوص جنوبی پشتونخوا میں کیسکو کی جانب سے عوام کو شدید اذیت میں مبتلا کیا جا رہا ہے۔ تمام فیڈرز کو بند کر کے نہ صرف زرعی صارفین کو بری طرح متاثر کیا گیا ہے بلکہ گھریلو صارفین بھی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرز بند کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی کے کھمبوں سے تاریں اتار کر عوامی املاک کو باقاعدہ طور پر لوٹا جا رہا ہے، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ژوب سمیت مختلف علاقوں میں موجود تمام فیڈرز، ٹرانسفارمرز، بجلی کے پولز اور ان پر نصب تاریں ماضی کے منتخب عوامی نمائندوں کے سالانہ پی ایس ڈی پی فنڈز کے تحت نصب کی گئی تھیں، جن پر کیسکو کا کوئی قانونی یا اخلاقی حق نہیں بنتا۔ اس کے باوجود کیسکو کی جانب سے ان تنصیبات کو شفٹ کرنا عوام دشمن اقدام ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ ژوب سمیت دیگر علاقوں میں چوری، ڈکیتی اور منشیات فروشی سرِعام جاری ہے،

جس کے باعث نوجوان نسل تیزی سے منشیات کی لعنت میں مبتلا ہو رہی ہے۔ ژوب سے کوئٹہ تک عوام کا جان و مال محفوظ نہیں رہا۔ مسلح گروہ نہ صرف مسافر گاڑیوں کو لوٹ رہے ہیں بلکہ بڑے بڑے ٹرک اور ٹرالرز کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ ہر 10 سے 20 کلو میٹر کے فاصلے پر ایف سی کی چیک پوسٹیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتنی زیادہ چیک پوسٹوں کے باوجود ڈکیتی، چوری اور مسلح جتھوں کی جانب سے اس قسم کی وارداتوں کا ہونا سمجھ سے بالاتر ہے اور یہ سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ مقررین نے فارم 47 کی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت عوام پر روزگار کے دروازے بند کر رہی ہے۔ پیٹرول کے کاروبار پر پابندی عائد کر کے سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں خاندانوں کو شدید معاشی مشکلات سے دوچار کر دیا گیا ہے۔
