پشتون قومی تحریک کے عظیم رہنما عبدالرزاق خان دوتانی کی 38ویں برسی 9 جنوری کو منائی جائے گی، لورالائی میں جلسہ عام ہوگا‘پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پشتون قومی تحریک کے عظیم، مدبر اور نظریاتی رہنما، پشتونخوا نیپ کے سابق مرکزی جنرل سیکریٹری اور پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے بانی ارواشاد عبدالرزاق خان دوتانی کی 38ویں برسی 9 جنوری بروز جمعہ 2026ء کو پورے پشتونخوا وطن میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ اس سلسلے میں مرکزی تعزیتی جلسہ عام پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیر اہتمام لورالائی میں منعقد کیا جائے گا، جس سے پارٹی کے مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب کریں گے اور مرحوم رہنما کی قومی جدوجہد، فکری خدمات اور عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ ارواشاد عبدالرزاق خان دوتانی ان رہنماؤں میں شامل تھے جنہوں نے 1970ء اور 1980ء کی دہائی میں پشتون قومی تحریک کو متحد، منظم اور مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ وہ پشتونخوا کی ملی وحدت، قومی خودمختاری اور ایک متحد قومی صوبہ پشتونخوا کے قیام کے پُرعزم داعی تھے اور آزاد افغانستان کی آزادی، خودمختاری اور سالمیت کو خطے کے امن اور قوموں کی بقا کے لیے ناگزیر سمجھتے تھے۔ پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ مرحوم رہنما کی فکری وراثت آج بھی پشتون قومی سیاست کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ارواشاد عبدالرزاق خان دوتانی اور دیگر عظیم قومی رہنماؤں کے متعین کردہ قومی اہداف کے حصول کے لیے جدوجہد ہر صورت جاری رکھی جائے گی اور قومی آزادی، خودمختاری اور جمہوری حقوق کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
