نوجوان ہنر سیکھیں اور بیرون ملک جائیں، وفاق نے بلوچستان کے یوتھ پروگرام کی حمایت کر دی، بھرپور تعاون کا اعلان, وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی سے وفاقی وزیر کی ملاقات

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین نے ملاقات کی جس میں افرادی قوت کی ترقی، نوجوانوں کی اسکل ڈویلپمنٹ اور بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفاق اور صوبے کے مابین افرادی قوت کی ترقی کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وفاقی وزیر کو “چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام” کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہنر فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں باعزت روزگار اور بیرون ملک مواقع مل سکیں۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے حکومت بلوچستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان کی وزارت چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے لیے بھرپور معاونت فراہم کرے گی اور نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے مشن میں صوبائی حکومت کا ساتھ دے گی۔
