صوبے میں 18 سے 21 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ، فیڈرز کا خاتمہ اور بجلی کے انفراسٹرکچر کی تباہی معاشی قتل کے مترادف ہے، نصراللہ زیرے


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے حکومت کو دو ٹوک الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عوام دشمن اقدامات بند نہ کیے گئے تو شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبر قومی جرگے کے فیصلے کے مطابق سبی سے لیکر سوات تک پشتون آبادی کو 5 روپے فی یونٹ بجلی فراہم کی جائے، کیونکہ تربیلا ڈیم سالانہ 20 ارب یونٹ بجلی پیدا کرتا ہے لیکن پشتونخوا وطن تاریکیوں میں ڈوبا ہوا ہے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نصراللہ زیرے نے کہا کہ اگر کشمیری عوام کو 1 سے 3 روپے بجلی مل سکتی ہے تو ہمیں بھی اپنے آبی وسائل سے سستی بجلی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں 18 سے 21 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ، فیڈرز کا خاتمہ اور بجلی کے انفراسٹرکچر کی تباہی معاشی قتل کے مترادف ہے۔ نصراللہ زیرے نے مزید کہا کہ ایرانی پیٹرول اور ڈیزل پر پابندی قبول نہیں، حکومت 18ویں ترمیم کے تحت ایران سے معاہدہ کر کے سستا پیٹرول فراہم کرے۔ انہوں نے ایف سی چیک پوسٹوں اور کسٹم حکام کی جانب سے تاجروں کو تنگ کرنے اور بھتہ خوری کی شدید مذمت کی۔ صوبائی صدر نے ملازمین کے گرینڈ الائنس کے مطالبات تسلیم کرنے، گرفتار رہنماؤں کی رہائی اور سمنگلی و نوحصار میں کاسی اور بازئی قبائل کی زمینوں پر قبضہ ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے چمن تا باجوڑ ڈیورنڈ لائن پر تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو جمہوری احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert