گجرات کرپشن ریفرنس: سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی سمیت دیگر پر فرد جرم عائد

لاہور (قدرت روزنامہ)احتساب عدالت نے گجرات کے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے ریفرنس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ سمیت دیگر شریک ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔
لاہور کی احتساب عدالت کے جج رانا عارف نے نیب ریفرنس پر سماعت کی۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ملزمان کو فرد جرم پڑھ کر سنائی۔ جس پر ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ عدالت نے نیب کے گواہوں کو 29 جنوری کو طلب کر لیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پرویز الہٰی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف گجرات میں ترقیاتی اسکیموں میں کرپشن کا ریفرنس عدالت میں دائر کر رکھا ہے۔
نیب نے 2 نئے ملزمان آنے کے بعد ضمنی ریفرنس دائر کیا تھا۔ احتساب عدالت نے نیب کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کارروائی 29 جنوری تک ملتوی کر دی۔
