کیا عام پاکستانی بھی بھارتی کپڑے خرید سکتا ہے؟ سیاسی شادیوں میں بھارتی ملبوسات پر خالد انعم نے اہم سوال اٹھا دیا

کراچی (قدرت روزنامہ)معروف سینئر اداکار خالد انعم نے حال ہی میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی بہن اور پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور کی بیٹی کی شادی میں دلہنوں کے لباس پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سننے میں آ رہا ہے دلہنوں نے بھارتی ڈیزائنرز کے ملبوسات پہنے تھے۔
خالد انعم نے اس سلسلے میں کہا کہ اس میں کوئی حرج نہیں ہے، میرے خیال میں تجارت کھلنی چاہیے اور سب کے لیے دستیاب ہونی چاہیے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا تجارت کھل گئی ہے اور یہ ملبوسات خود جا کر خریدے گئے ہیں یا آن لائن منگوائے گئے ہیں؟
اداکارکا مزید کہنا تھا کہ کیا عام پاکستانی بھی اس طرح جا کر بھارتی ملبوسات یا چیزیں خرید سکتے ہیں؟ اگر یہ سب کے لیے ہے تو ضرور ہونا چاہیے لیکن اگر صرف چند لوگوں کے لیے یہ سہولت ہے تو پھر گڑ بڑ ہے۔ ہمیں بھی چیزیں لینے کی اجازت دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین کرنا ہی بین ہو جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ جنید صفدر کی اہلیہ شانزے علی روحیل کے مہندی کے لباس کے بارے میں کہا جا رہا ہے انہوں نے معروف بھارتی ڈیزائنر سبیاساچی مکھرجی کا تیار کردہ ایمرلڈ گرین اور ملٹی کلر لہنگا زیب تن کیا، جو بھاری کشیدہ کاری، ملٹی پینل ڈیزائن اور سِیکوئنز سے مزین تھا۔
