بلوچستان فوڈ اتھارٹی میں ڈیجیٹل اصلاحات کا آغاز، لائیو آپریشن مانیٹرنگ اور ڈیجیٹل فائل ٹریکنگ سسٹم کا افتتاح!

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو جدید خطوط اور دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی ہیڈکوارٹر میں لائیو آپریشن مانیٹرنگ سسٹم اور ڈیجیٹل فائل ٹریکنگ سسٹم کے افتتاح کے موقع پر کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق صوبے بھر میں خوراک کے معیار کی بہتری، شفافیت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
جدید ڈیجیٹل سسٹمز کے نفاذ سے نہ صرف انتظامی امور میں شفافیت آئے گی بلکہ عوام کو تیز اور بہتر سروس ڈیلیوری بھی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان فوڈ اتھارٹی میں اصلاحاتی عمل کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔حاجی نور محمد دمڑ کا کہنا تھا کہ لائیو آپریشن مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے فیلڈ سرگرمیوں کی براہِ راست نگرانی ممکن ہو گی جبکہ ڈیجیٹل فائل ٹریکنگ سسٹم سے دفتری امور میں تاخیر کا خاتمہ اور جوابدہی کا نظام مزید مضبوط ہوگا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم نے چیئرمین بی ایف اے کو لائیو آپریشن مانیٹرنگ سسٹم اور ڈیجیٹل فائل ٹریکنگ سسٹم کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ یہ اقدامات اتھارٹی کی کارکردگی کو مؤثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
مزیدبرآں صوبائی وزیر خوراک نے ڈیجیٹل اصلاحات کے بروقت نفاذ پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے افسران اور اہلکاران کی کارکردگی کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے فوڈ سیفٹی کے نظام کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے گا، تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی شفافیت، کارکردگی اور عوامی خدمت کے اصولوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی اور خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
