کوئٹہ کے پرنس روڈ پر اچکزئی پلازہ میں ہولناک آتشزدگی، درجنوں دکانیں خاکستر، فائر فائٹرز نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ کے پرنس روڈ پر واقع 4 منزلہ اچکزئی پلازہ میں شدید آگ بھڑک اُٹھی، نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق پلازے میں 200 سے زائد دکانیں اور ایک بیسمینٹ شامل ہیں اور تاجر برادری شدید پریشانی کا شکار ہے جبکہ فائر بریگیڈ اور ضلعی انتظامیہ کی متعدد گاڑیاں 5 گھنٹے بعد بھی قابو پانے میں ناکام رہیں۔
حکام کے مطابق جائے وقوعہ پر پولیس اور دیگر فورسز کے اہلکار بھی موجود رہے تاکہ ہنگامی کارروائی اور عوام کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے، پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ شدید نوعیت کی آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بال کا استعمال کیا گیا جبکہ عمارت میں دھوئیں اور آگ کی شدت کے باعث کارروائی میں مشکلات کا سامنا رہا۔
ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ پلازہ میں کمپیوٹر، موبائل فونز، گارمنٹس اور دیگر مختلف نوعیت کی دکانیں قائم تھیں جس کے باعث بڑے مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، آتشزدگی سے درجنوں دکانیں جل گئیں تاہم اب آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق فائر بریگیڈ کی 6 اور پی ڈی ایم اے کی 4 گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا، چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ آگ نے پلازے کے قریب بجلی کے ٹرانسفارمر اور تاروں کو بھی لپیٹ میں لیا تھا جس کے باعث آگ پر قابو پانے میں مشکل پیش آئی۔
