کوئٹہ میں سرکاری ملازمین پر پولیس تشدد اور گرفتاریاں، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی شدید مذمت، تمام ملازمین کی فوری رہائی کا مطالبہ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں گرینڈ الائنس کے سرکاری ملازمین پر پولیس تشدد، گرفتاریوں اور طاقت کے بے جا استعمال کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ گرفتار تمام ملازمین کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان کے جائز مطالبات بلا تاخیر تسلیم کیے جائیں، پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ گرینڈ الائنس کے زیرِ اہتمام سرکاری ملازمین کا احتجاج آج بھی پوری شدت کے ساتھ جاری رہا، تاہم حکومت اپنی ہٹ دھرمی پر قائم رہی جبکہ احتجاج کو ناکام بنانے کے لیے شہر بھر میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کیا گیا، مرکزی شاہراہوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا اور انٹرنیٹ سروس بھی مکمل طور پر بند کر دی گئی، لیاقت بازار، پرنس روڈ، مسجد روڈ اور دیگر اہم سڑکوں پر پولیس کی بھاری نفری اور سرکاری گاڑیاں کھڑی کر کے شہریوں کی نقل و حرکت معطل کر دی گئی، بیان میں کہا گیا ہے کہ کرپشن کے ریکارڈ قائم کرنے والے عوام دشمن حکمرانوں نے ایک بار پھر اپنی آمرانہ سوچ، فرعونیت اور مزدور دشمن پالیسیوں کا عملی مظاہرہ کیا، تمام تر رکاوٹوں، گرفتاریوں اور لاٹھی چارج کے باوجود ہزاروں سرکاری ملازمین سڑکوں پر نکل آئے اور اپنا پُرامن احتجاج ریکارڈ کرایا جبکہ پولیس تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی، پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت نے ایک بار پھر کمزور اور مظلوم ملازمین پر طاقت آزمائی کی، گرینڈ الائنس کے سینکڑوں ملازمین کو گرفتار اور سیکڑوں کو معطل کیا گیا، تاہم اس کے باوجود ملازمین اپنے جائز مطالبات سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔ آخر میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے واضح کیا کہ سرکاری ملازمین کے آئینی، قانونی اور جمہوری حقوق کی حمایت جاری رکھی جائے گی اور ملازمین نے بھی اعلان کیا ہے کہ اپنے حقوق کے مکمل حصول تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا، اور وہ کسی بھی دباؤ، تشدد یا دھمکی سے مرعوب نہیں ہوں گے۔
