پشین: منزرئی بازار میں چھاپہ اور فائرنگ، تاجر زخمی، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی شدید مذمت

پشین (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی پریس ریلیز میں منزرئی بازار جانان آغا منڈی میں فرینٹیر کور (ایف سی) کی جانب سے مبینہ غیر قانونی چھاپے اور عوام پر شدید فائرنگ کے واقعے کی بھرپور مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ کارروائی نہ صرف آئین و قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ پرامن اور بے گناہ شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق پر بھی سنگین حملہ ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق چھاپے کے دوران بازار میں شدید فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک معصوم اور لاتعلق تاجر محمد عارف شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ پارٹی نے زخمی تاجر کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے واقعے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران تاجروں کے کروڑوں روپے مالیت کے سامان کو نقصان پہنچایا گیا اور مبینہ طور پر لوٹ مار بھی کی گئی، جس سے مقامی تاجروں کو ناقابلِ تلافی مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اس عمل کو عوام کے روزگار پر براہِ راست حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف خوف و ہراس پھیلتا ہے بلکہ ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا بھی بری طرح مجروح ہوتی ہے۔ پارٹی قیادت نے واضح کیا کہ منزرئی بازار اور جانان آغا منڈی کے تاجر پرامن شہری ہیں جو روزگار کے حصول کے لیے کاروبار کرتے ہیں، ان پر طاقت کا بے جا استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے اور تاجروں کو ہونے والے نقصانات کا فوری ازالہ کیا جائے۔
