بلوچستان میں 3200 سے زائد بند اسکولوں کو فعال کرنا تعلیمی بحالی کا سنگ میل ہے، میر سرفراز بگٹی کا تعلیم کے عالمی دن پر پیغام


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی پائیدار ترقی، معاشی خودمختاری اور سماجی استحکام کی اساس ہے حکومت بلوچستان صوبے میں ایک موثر، معیاری اور یکساں تعلیمی نظام کے قیام کے لیے عملی اور دیرپا اصلاحات متعارف کروا رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان میں طویل عرصے سے بند پڑے تعلیمی ادارے صوبے کے تعلیمی ڈھانچے پر ایک بڑا سوالیہ نشان تھے، تاہم موجودہ حکومت نے سنجیدہ اور فیصلہ کن اقدامات کے ذریعے 3200 سے زائد بند اسکولوں کو دوبارہ فعال کر کے ہزاروں بچوں کو تعلیم کے دائرہ کار میں واپس لایا ہے، جو تعلیمی بحالی کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں اصلاحات محض بیانات تک محدود نہیں بلکہ نظام کی جڑوں تک پھیلائی جا رہی ہیں، جن میں اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانا، اسکولوں کی موثر مانیٹرنگ، شفافیت پر مبنی تقرریاں، وسائل کا درست استعمال اور تعلیمی اداروں میں جوابدہی کا موثر نظام شامل ہے انہوں نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان کا ہدف صرف اسکول کھولنا نہیں بلکہ بچوں کو معیاری تعلیم، محفوظ تعلیمی ماحول اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب فراہم کرنا ہے، تاکہ آنے والی نسلیں علم، ہنر اور کردار کے ساتھ قومی دھارے میں موثر کردار ادا کر سکیں وزیر اعلی نے کہا کہ تعلیم کے عالمی دن کا تقاضا ہے کہ ہم اجتماعی طور پر یہ عہد کریں کہ تعلیم کو محض ایک شعبہ نہیں بلکہ صوبے کے مستقبل کی ضمانت سمجھیں۔ حکومت بلوچستان تعلیم میں سرمایہ کاری کو اپنی اولین ترجیح بنائے رکھے گی اور اس ضمن میں کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert