پاکستان کو 5 ماہ کے دوران 20 ارب ڈالر سے زائد کا تجارتی خسارہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت کے تمام تر اقدامات اور اعلانات کے باوجود رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ 20 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے . وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ میں دنیا کے مختلف ممالک سے 33 ارب ڈالر کی اشیاء درآمد کی گئیں .

اسی دورانیے میں پاکستان نے صرف 12 ارب 36 کروڑ ڈالرز کی اشیا بیرون ملک برآمد کیں، اس طرح صرف 5 ماہ میں پاکستان کو 20 ارب 60 کروڑ ڈالرز سے زائد کا تجارتی خسارہ ہوا ہے . سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران اشیائے خورو نوش، موبائل فونز، گاڑیاں اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں اضافہ میں دیکھا گیا . یکم جولائی تا 30 نومبر 2021 کے دوران 8 ارب 37 کروڑ ڈالرز کی پیٹرولیم مصنوعات بیرون ملک سے منگوائی گئیں، رواں سال کی پیٹرولیم درآمدات گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 112 فیصد زیادہ ہے . مالی سال 22-2021 کے پہلے 5 ماہ میں پاکستان نے صرف موبائل فونز کی درآمدات پر 85 کروڑ 67 لاکھ ڈالرز صرف کئے جب کہ کیڑے مار دواؤں سمیت 6 ارب ڈالر کا زرعی سامان بھی درآمد کیا گیا . اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 5 ارب ڈالر کا دودھ، کریم، گندم، چائے کی پتی، چینی، مصالحے، سویا اور پام آئل بیرون ملک سے منگوایا گیا . اس کے علاوہ 5 ماہ کے دوران 2 ارب 76 کروڑ ڈالرز کا سونا، لوہا، اسٹیل اور ایلومینیم سمیت دیگر دھاتیں بھی منگوائی گئی ہیں . . .

متعلقہ خبریں