پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا حیدرآباد میں کل جلسہ عام، سندھ ترقی پسند پارٹی کو دعوت اور 40 خاندانوں کی پارٹی میں شمولیت کا اعلان

حیدرآباد (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے زیراہتمام 30 جنوری بروز جمعہ حیدرآباد، ہالہ ناکہ میں منعقد ہونے والے جلسہ عام کے سلسلے میں پارٹی سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں۔ جلسہ عام سے پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ اور پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل خورشید کاکا جی خطاب کریں گے۔ اس اہم جلسے کی تیاریوں اور مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے حوالے سے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے ایک نمائندہ وفد نے دورہ کیا۔ یہ وفد پارٹی کے جنوبی پشتونخوا کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے، سندھ پارٹی کے صوبائی سیکریٹری شفیع ترین، نظام خان کاکڑ، علی محمد ترین اور حیدرآباد ضلع کے سیکریٹری سید جاوید آغا کی سربراہی میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ پہنچا، جہاں ان کی ملاقات سندھ ترقی پسند پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل ہوت گانگڑی، مرکزی وائس چیئرمین حیدر شاہانی، مرکزی جوائنٹ سیکریٹری قادر چمنڈ، ڈاکٹر مظہر، عاشق سولنگی، احمد نواز بروہی اور جان محمد جونیجو سے ہوئی۔ ملاقات کے دوران پشتون اور سندھی عوام سمیت ملک بھر کے تمام محکوم اقوام کے درمیان قومی حقوق کے حصول کے لیے جاری جدوجہد کو مزید تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ محکوم قوموں کے درمیان اتحاد و اتفاق وقت کی اہم ضرورت ہے، اور ایک مشترکہ نیشنل ایجنڈے کے تحت یکجا ہو کر اپنے سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق کے لیے منظم جدوجہد کرنا ہوگی۔

دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے باہمی مشاورت اور سیاسی تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا تاکہ عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ اس موقع پر پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے سندھ ترقی پسند پارٹی کے قائدین کو حیدرآباد میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دی، جسے سندھ ترقی پسند پارٹی کے رہنماؤں نے خوشدلی سے قبول کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دریں اثنا، گنجی ٹکر حیدرآباد میں مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 40 خاندانوں نے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے صوبائی سیکریٹری شفیع ترین، نظام خان کاکڑ اور سید جاوید آغا نے نئے شامل ہونے والے افراد کو خوش آمدید کہا اور ان کے اعتماد کو پارٹی کے لیے باعثِ اعزاز قرار دیا۔رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ہمیشہ سے عوامی حقوق کی علمبردار رہی ہے اور بالخصوص سندھ میں بسنے والے تمام اقوام کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھاتی رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارٹی عوام کو درپیش مسائل کے حل، قومی یکجہتی کے فروغ اور جمہوری اقدار کی مضبوطی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
