پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا افغان کڈوال عوام کی بے دخلی کی شدید مذمت

کوئٹہ (قدرت روزنامہ): پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ نے حکومت اور ریاستی اداروں کی جانب سے ضلع پشین کے علاقے سرخاب میں مقیم افغان کڈوال عوام کو شدید سردی، برف باری اور بارشوں کے دوران، اور ماہِ رمضان کی آمد سے چند روز قبل بے دخل کرنے کے غیر انسانی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سرخاب میں مقیم افغان کڈوال عوام کی اکثریت اپنی مرضی سے جا چکی ہے، تاہم چند گھرانے اب بھی وہاں موجود ہیں۔ بیان میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے ان محدود تعداد میں موجود خاندانوں کو بھی برف باری، بارشوں اور شدید سرد موسم میں جبری طور پر بے دخل کرنے پر تلے ہوئے ہیں، جو انسانی حقوق، اخلاقی اور سماجی اقدار کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ سرخاب کیمپ میں موجود افغان کڈوال عوام کے خلاف کسی بھی قسم کی زبردستی یا جبر کو فوراً روکا جائے اور انہیں باعزت، محفوظ اور پُرامن زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ پارٹی نے کہا کہ اس غیر انسانی اقدام کے خلاف مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جاتا ہے اور یہ عمل انسانی ہمدردی، آئینی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔
