کوئٹہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر تشویش، نصراللہ زیرے کی سی ای او کیسکو سے ملاقات


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو سید یوسف شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں کوئٹہ شہر اور نواحی علاقوں میں جاری طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر شوکت خان جوگیزی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران نصراللہ زیرے نے کہا کہ شدید سردی کے موسم میں طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں جبکہ طلبہ کی تعلیم اور گھریلو امور میں بھی شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں فوری کمی لائی جائے اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ اور گردونواح کے متعدد علاقوں میں ٹرانسفارمرز کی گنجائش کم ہونے کے باعث بار بار خرابی اور کم وولٹیج کا مسئلہ درپیش ہے، جس کے حل کے لیے فوری طور پر نئے اور اضافی ٹرانسفارمرز نصب کیے جائیں اور پرانے نظام کو اپ گریڈ کیا جائے۔
اس موقع پر سی ای او کیسکو سید یوسف شاہ نے مسائل کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ بجلی کی فراہمی میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت کے مطابق نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب اور نظام کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert