گوادر کے عوامی مسائل پر ہر فورم پر آواز اٹھاؤں گا، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ وہ گوادر کے عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر ہر وقت آواز اٹھاتے رہیں گے۔
گوادر میں اپنی رکنیت کے دو سال مکمل ہونے پر منعقدہ عوامی دیوان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ دو برسوں سے ہر ماہ عوام کے سامنے احتساب کے لیے پیش ہوتے رہے ہیں اور علاقے کے معتبرین، قائدین اور جدوجہد میں قربانیاں دینے والوں کی مشاورت سے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام مسائل کے گرداب میں پھنسے ہوئے ہیں، نہ حقوق میسر ہیں، نہ روزگار، نہ تعلیم اور نہ علاج کی سہولیات دستیاب ہیں، جبکہ پینے کے صاف پانی کا بھی فقدان ہے۔ ان کے بقول عوام کو صرف دعوؤں اور اعلانات سے ٹرخایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ لوگ اپنے ووٹ سے بھی آزادانہ طور پر اپنے نمائندے منتخب نہیں کر پاتے، جبکہ لاپتہ افراد، ظلم و جبر اور جمہوری احتجاج پر پابندیاں سنگین مسائل ہیں۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے حق دو تحریک کے ضلعی دفتر میں منعقدہ عوامی دیوان کے دوران مختلف علاقوں سے آئے افراد کے مسائل سنے اور موقع پر متعلقہ اداروں کے افسران سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے مسائل کے حل کی ہدایت کی۔ متعلقہ حکام نے یقین دہانی کرائی کہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے منتخب نمائندے اور خادم ہیں، اور ووٹ دینے والوں کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو سال کے دوران اسمبلی کے اندر اور باہر عوامی مفاد میں جو جدوجہد کی گئی، وہ سب کے سامنے ہے، اور یہ کوشش آئندہ بھی جاری رہے گی۔
موقع پر شرکاء نے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مختصر عرصے میں متعدد اجتماعی منصوبے مکمل ہوئے اور کئی دیگر پر کام جاری ہے۔
