ہزارگنجی میں تاجروں کے ساتھ معاشی دہشت گردی اور بھتہ خوری بند کی جائے، پشتون تاجروں کو منظم نشانہ بنانے پر پشتونخوا نیپ کا ردعمل اور انکوائری کا مطالبہ

(ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے جاری کردہ پریس ریلیز میں صوبہ بھر، بالخصوص ہزارگنجی مارکیٹ کے علاقے میں تاجروں کے ساتھ پیش آنے والے حالیہ واقعات کو انتہائی تشویشناک اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اطلاعات کے مطابق پشتون تاجروں کو منظم انداز میں ہراساں کیا جا رہا ہے، ان کا قانونی اور ٹیکس ادا شدہ مال بلاجواز ضبط کیا جا رہا ہے، لاکھوں روپے بطورِ بھتہ طلب کیے جا رہے ہیں اور مالکان کو اپنے ہی مال تک رسائی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ بیان کے مطابق ایف سی اہلکار قانونی جواز، تحریری نوٹس اور باقاعدہ طریقۂ کار کے بغیر کارروائیاں کر رہے ہیں اور ضبط شدہ مال کو خاموشی سے کسی اور مقام پر منتقل یا سپلائی کر دیا جاتا ہے جو کہ کھلی لاقانونیت، اختیارات سے تجاوز اور استحصال کے مترادف ہے۔ پریس ریلیز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چند روز قبل ہزارگنجی بائی پاس پر ایک سوزوکی گاڑی کے مالک سے مبینہ طور پر 90 ہزار روپے بھتہ وصول کیا گیا جبکہ 24 تاریخ کو ہزارگنجی چورنگی پر مزید چار سوزوکی گاڑیوں کا مال صرف اس بنیاد پر ضبط کر لیا گیا کہ مالکان نے بھاری رقم دینے سے انکار کیا تھا، حالانکہ شہر کے اندر قانونی طور پر مال کی ترسیل پر کسی کو روکنے یا ضبط کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔ مزید برآں، اطلاعات ہیں کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس بعض افراد زرنج اور سوزوکی گاڑیوں کے مالکان سے رقوم وصول کرتے ہیں اور انکار کی صورت میں ایف سی کے ذریعے مبینہ طور پر انتقامی کارروائیاں کروائی جاتی ہیں، جو کہ قانون کی حکمرانی پر سنگین سوالیہ نشان اور ریاستی رٹ کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔ پارٹی نے ان اقدامات کو معاشی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے حکومتِ بلوچستان اور وزارتِ داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی فوری اور شفاف انکوائری کرائی جائے، متاثرہ تاجروں کو بلا تاخیر انصاف فراہم کیا جائے، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور ہزارگنجی میں کاروباری سرگرمیوں کی بلا رکاوٹ بحالی کو یقینی بنایا جائے، بصورتِ دیگر تجارت کا پہیہ جام ہونے کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکومتی اداروں پر عائد ہوگی کیونکہ ریاست کا بنیادی فریضہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنانا ہے نہ کہ ان کے روزگار کے ذرائع مسدود کرنا۔
