تربت میں دستی بم حملوں، فائرنگ اور کارروائیوں کے دوران دو افراد جاں بحق، چار زخمی، 103 غیرملکی گرفتار

, تربت(یو این اے )ضلع تربت میں مختلف علاقوں میں پیش آنے والے پرتشدد واقعات اور سیکیورٹی کارروائیوں کے دوران دو افراد جاں بحق، چار زخمی جبکہ 35 خواتین سمیت 103 غیرملکی باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق سیٹلائٹ ٹاون میں نامعلوم افراد نے مقامی ٹھیکیدار عارف سلیم کے گھر پر دستی بم حملہ کیا، جس کے نتیجے میں عارف سلیم سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کردیا گیا۔ عارف سلیم نیشنل پارٹی تحصیل تمپ کے رہنما بھی ہیں۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ہیرآباد میں ناصر ولد عبد الرحمن کے گھر پر بھی دستی بم حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں باسط ناصر نامی لڑکا معمولی زخمی ہوا۔مسکین ندی سے ایک نامعلوم شخص کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی جبکہ سنگانی سر کے علاقے میں فائرنگ سے شہرک کے رہائشی عدنان ولد موسی جاں بحق ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔دریں اثنا فرنٹیئر کور نے علاقہ میری میں کارروائی کرتے ہوئے 35 خواتین سمیت 103 افغان باشندوں کو غیرقانونی سفر پر فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
