این اے 251 قلعہ سیف اللہ و ژوب: سپریم کورٹ کا فیصلہ، پشتونخوا نیپ کا فیصلے کا خیرمقدم


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) اسلام آباد، سپریم کورٹ کے معزز تین رکنی بینچ جناب جسٹس شاہد وحید، جناب جسٹس نعیم اختر افغان اور جناب جسٹس شکیل احمد کی جانب سے این اے 251 کے حوالے سے سنائے گئے تاریخی فیصلے کا پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی (PKNAP) بھرپور خیرمقدم کرتی ہے، جس کے تحت پارٹی کے چیئرمین جناب خوشحال خان کاکڑ کو این اے ژوب، قلعہ سیف اللہ اور شیرانی 251 سے کامیاب امیدوار قرار دیا گیا ہے۔
پارٹی اعلامیے کے مطابق، یہ فیصلہ حق اور سچ کی فتح ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کا اعلیٰ عدالتی ادارہ آئین و قانون کی بالادستی پر کامل یقین رکھتا ہے، اس منصفانہ اور جراتمندانہ فیصلے سے جمہوری اقدار کو تقویت ملی ہے اور عوام کے ووٹ کے تقدس کو بحال کیا گیا ہے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا موقف ہے کہ این اے 251 کے عوام نے اپنے اعتماد کا اظہار جناب خوشحال خان کاکڑ کے حق میں کیا تھا اور آج عدالتی فیصلے نے اس عوامی مینڈیٹ کی توثیق کر دی ہے، ہم عدالتِ عظمیٰ کے معزز جج صاحبان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تاریخی فیصلہ صادر کیا۔ پارٹی اس موقع پر این اے 251 کے باشعور عوام، کارکنان اور تمام جمہوریت پسند قوتوں کو مبارکباد پیش کرتی ہے ۔
جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود حق کی جدوجہد جاری رکھی، کیونکہ یہ کامیابی نہ صرف ایک فرد کی بلکہ جمہوریت، آئین اور عوامی حقِ حکمرانی کی کامیابی ہے۔ اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ جناب خوشحال خان کاکڑ قومی اسمبلی میں محکوم قوموں، غیور پشتون افغان ملت اور عوام کے حقوق سمیت صوبے کے وسائل، آئینی خودمختاری اور جمہوری بالادستی کے لیے بھرپور آواز بلند کریں گے اور علاقے کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر جدوجہد جاری رکھیں گے، جبکہ کیس کی پیروی ملک کے ممتاز وکیل سلمان اکرم راجہ، صابر ایڈوکیٹ اور دیگر نے کی ہے۔

WhatsApp
Get Alert