ماشکیل کا زیرزمین پانی ریکوڈک منتقل کرنا عوام دشمنی ہے، علاقہ کھنڈر بن جائے گا، نیشنل پارٹی

کوئٹہ(ڈیلی قدرت نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے ایک جاری کردہ بیان میں ریکوڈک منصوبے کے لیے ماشکیل سے زیرزمین پانی کی منتقلی کے حکومتی اقدام کو غیر منصفانہ، عوام دشمن اور علاقائی مفادات کے مکمل خلاف قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت اور مخالفت کی ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ماشکیل کے عوام کی معیشت کا تمام تر دارومدار زراعت پر ہے اور زراعت کا واحد ذریعہ زیرزمین پانی ہے، اگر یہی پانی ریکوڈک منصوبے کی ضروریات کے لیے منتقل کیا گیا تو نہ صرف ہزاروں ایکڑ زرعی زمین بنجر ہو جائے گی بلکہ مقامی آبادی نانِ شبینہ کی محتاج ہو کر رہ جائے گی۔ نیشنل پارٹی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس اقدام سے پورا ماشکیل معاشی و سماجی تباہی کا شکار ہو کر کھنڈرات کا منظر پیش کرے گا، جو ایک سنگین انسانی المیے کو جنم دے سکتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ریکوڈک منصوبے کے ذریعے بلوچستان کے وسائل کو بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، مگر چاغی سمیت بلوچستان کے عوام کو اس سے کوئی معاشی یا سماجی فائدہ حاصل نہیں ہو رہا، ایسے میں ماشکیل کے آبی وسائل پر شب خون مارنا مقامی آبادی کے ساتھ کھلی ناانصافی ہے۔نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اپنی منفی اور غیر شفاف پالیسیوں کو فوری طور پر ختم کرے اور بلوچستان کے وسائل پر عوام کی حقِ حاکمیت کو عملی طور پر تسلیم کرے۔ کسی بھی منصوبے کو مقامی آبادی کی رضامندی، مفاد اور بقا کو نظرانداز کرتے ہوئے آگے بڑھانا آئینی و اخلاقی تقاضوں کے منافی ہے۔ مرکزی بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ نیشنل پارٹی کسی ایسے منصوبے کو ہرگز تسلیم نہیں کرے گی جو عوامی مفادات کے خلاف ہو، اور پارٹی ہر آئینی، قانونی اور جمہوری فورم پر ماشکیل اور بلوچستان کے عوام کے حقوق کا بھرپور دفاع جاری رکھے گی۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور عوامی مرضی کے خلاف اقدامات سے صوبے میں احساسِ محرومی مزید بڑھے گا جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
