ریکوڈک پروجیکٹ میں مقامی روزگار کا وعدہ جھوٹ نکلا، غیر مقامی بھرتیاں بند نہ ہوئیں تو رخشاں ڈویژن میں پہیہ جام کریں گے، نیشنل پارٹی

نوکنڈی (ڈیلی قدرت نیوز) نیشنل پارٹی چاغی نے ایک پریس ریلیز کے ذریعے ریکوڈک پروجیکٹ کی انتظامیہ(آر ڈی ایم سی)پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنر فانڈیشن کے قیام کا مقصد مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا تھا، مگر آج سینکڑوں تربیت یافتہ نوجوان ملازمتوں کے انتظار میں مایوسی کا شکار ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ انتظامیہ دعوی کرتی رہی ہے کہ ضلع چاغی کے نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر روزگار دیا جائے گا، لیکن عملی طور پر صوبے سے باہر کے لوگوں کو روزانہ کی بنیاد پر مختلف کنٹریکٹرز کے ذریعے بھرتی کیا جا رہا ہے، جبکہ رخشاں ڈویژن خصوصا چاغی کے نوجوان احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ نیشنل پارٹی نے ان نوجوانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اس ناانصافی کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائیں گے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پروجیکٹ کی جانب سے متعارف کرائی گئی “پی ون تا پی فور” پالیسی محض طفل تسلی ثابت ہوئی ہے کیونکہ گرانڈ پر اس کے برعکس کام ہو رہا ہے۔ انتظامیہ ہر میٹنگ میں صرف اپنے براہِ راست ملازمین کا ڈیٹا پیش کر کے 70 فیصد مقامی روزگار کا جھوٹا دعوی کرتی ہے، جبکہ کنٹریکٹرز کے پاس موجود غیر مقامی عملے کا ڈیٹا چھپایا جاتا ہے۔ نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ ہنر فانڈیشن سے فارغ التحصیل نوجوانوں کو فوری ترجیحی بنیادوں پر ملازمتیں دی جائیں اور باہر سے ہونے والی غیر قانونی بھرتیاں روکی جائیں۔ پارٹی نے خبردار کیا ہے کہ اگر پالیسی پر سو فیصد عملدرآمد نہ ہوا تو وہ دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر پورے رخشاں ڈویژن میں احتجاج کا راستہ اپنائیں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔
