سندھ حکومت اور موبی لنک کا چھوٹے تاجروں کیلئے بڑا اعلان! مکمل تفصیلات یہاں جانیں

کراچی (قدرت روزنامہ)حکومتِ سندھ کے ذیلی ادارے سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ نے موبی لنک بینک کے ساتھ اشتراک کا اعلان کیا ہے تاکہ صوبے بھر میں مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو آسان اور کم سود پر قرضے فراہم کیے جا سکیں۔
اس معاہدے کے تحت موبی لنک بینک کاروباری افراد کو قرض فراہم کرے گا جبکہ سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ ان قرضوں پر سود کے ایک حصے کو سبسڈی دے گا تاکہ چھوٹے کاروباری افراد کے لیے فنانسنگ سستی اور قابلِ حصول ہو۔
یہ شراکت داری پانچ سال کے لیے ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا اور خاص طور پر زراعت، مویشی، ماہی گیری، قابلِ تجدید توانائی، خواتین کے زیرِ قیادت کاروبار اور آئی ٹی شعبے کے کاروباری اداروں کے لیے مالی مدد فراہم کرنا ہے۔
منصوبے کے تحت تقریباً ایک ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جائیں گے جس سے چھوٹے کاروباری افراد اپنے کاروبار کو بڑھا سکیں گے۔ ہر منصوبے کیلئے پچاس لاکھ روپے تک قرض دستیاب ہوگا اور یہ قرضے قلیل، درمیانی اور طویل مدتی بنیادوں پر دیے جائیں گے۔
قرضوں پر سود کی سبسڈی تین سال تک فراہم کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر اس مدت میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔ اس اقدام سے چھوٹے کاروبار مستحکم ہوں گے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
موبی لنک بینک کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے کاروبار ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن اکثر مالی وسائل تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ اس اشتراک سے ان مسائل کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
حکومتِ سندھ کے حکام کے مطابق یہ اقدام سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان تعاون کو مضبوط کرے گا اور صوبے میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو نئی رفتار دے گا۔
