جھل مگسی میں کھوسہ برادری کے دو گروپوں میں تصادم، فائرنگ سے دو افراد جاں بحق


جھل مگسی (قدرت روزنامہ)یونین کونسل پنجک کے گوٹھ دڑو میں کھوسہ برادری کے دو گروپوں کے درمیان پرانی دشمنی کی بنا پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کیا اور دونوں جاں بحق افراد کی میتوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو)گنداواہ منتقل کیا۔ ہسپتال میں ضروری قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد لاشوں کو تدفین کے لیے ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عبدالحق ولد لہڑی خان کھوسہ اور کلے بخش ولد دین محمد کھوسہ کے ناموں سے ہوئی ہے، جو گوٹھ پنجک کے رہائشی تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے جس نے دو قیمتی جانیں لے لیں۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert