رمضان میں کسٹم اہلکاروں کی غریب سوزوکی ڈرائیوروں اور چھوٹے تاجروں کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت، بھتہ خوری بند نہ ہوئی تو بھرپور احتجاج کریں گے، پشتونخوا نیپ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت نیوز) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلز میں کوئٹہ شہر میں اس ماہ مقدس رمضان میں کسٹم اہلکاروں کی جانب سے غریب شہریوں، سوزوکی ڈرائیوروں اور چھوٹے تاجروں کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے؛ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں کسٹم اہلکار کارروائیوں کے نام پر غریب اور محنت کش طبقے کو مسلسل تنگ اور ہراساں کر رہے ہیں، بالخصوص سوزوکی ڈرائیور جو دن بھر محنت مزدوری کر کے اپنے خاندانوں کی کفالت کرتے ہیں، انہیں مختلف مقامات پر روک کر ان سے مختلف حیلوں بہانوں سے رقم طلب کی جاتی ہے اور انہیں غیر ضروری مشکلات میں ڈالا جاتا ہے؛ ترجمان نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے متعدد دکاندار جب اپنی دکانوں کے لیے روزمرہ استعمال کی اشیاء اور سامان لاتے ہیں تو کسٹم اہلکار انہیں بھی راستے میں روک کر بلاجواز تنگ کرتے ہیں جبکہ دکانداروں کے مطابق وہ یہ سامان صرف اپنی دکانوں کی ضروریات کے لیے لاتے ہیں، اس کے باوجود انہیں رکاوٹوں اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس سے ان کے کاروبار اور روزگار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں؛ بیان میں واضح کیا گیا کہ مقدس مہینے رمضان المبارک میں بھی اگر غریب اور محنت کش طبقے کو اس طرح ہراساں کیا جائے تو یہ نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل ہے کیونکہ اس بابرکت مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے لیکن اس کے برعکس عوام کو مزید مشکلات میں ڈالنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں؛ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے اندر کسٹم اہلکاروں کی جانب سے ہونے والی ان مبینہ زیادتیوں، ہراسانی اور غیر قانونی وصولیوں کا فوری نوٹس لیا جائے اور غریب سوزوکی ڈرائیوروں، دکانداروں اور چھوٹے کاروبار سے وابستہ افراد کو بلاجواز تنگ کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے؛ بیان میں مزید خبردار کیا گیا ہے کہ اگر اس صورتحال کا فوری اور سنجیدہ نوٹس نہ لیا گیا تو پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی غریب عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی، جمہوری اور سیاسی فورم پر بھرپور آواز اٹھائے گی اور کسی کو بھی محنت کش عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert