مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال: وزیراعظم شہباز شریف ہنگامی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف مختصر مگر اہم سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ وہ چند گھنٹوں کے قیام کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔
جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رائل ٹرمینل پر مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر نے وزیراعظم کا استقبال کیا، جبکہ ریاض میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور سفارتی عملے کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق اس دورے میں وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی سلامتی اور پاکستان-سعودی عرب تعلقات پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق یہ دورہ سفارتی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کرتا ہے اور پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسن اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا تھا کہ وزیراعظم سعودی ولی عہد کی دعوت پر سعودی عرب گئے ہیں۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
ترجمان کے مطابق یہ دورہ خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں اہم ہے اور اس کا مقصد قریبی مشاورت کے ذریعے امن، جنگ بندی اور سفارتی حل کے لیے کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
