لاہور میں یو ای ٹی سٹوڈنٹ کی موت پر طالب علموں کو احتجاج مہنگا پڑگیا


لاہور (قدرت روزنامہ) لاہور میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) کے ایک طالب علم کی ہلاکت کے بعد ہونے والے احتجاج میں شریک طلباء کے خلاف یونیورسٹی انتظامیہ نے سخت تادیبی کارروائی کرتے ہوئے متعدد کو یونیورسٹی اور جاری سمسٹر سے نکال دیا، بعض طلباء پر جرمانے بھی عائد کر دیئے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق احتجاجی سرگرمیوں میں ملوث قرار دیئے گئے 25 طلباء کے خلاف مختلف نوعیت کی تادیبی کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں، انتظامیہ کی جانب سے جاری فیصلے کے تحت 6 طلباء کو یونیورسٹی سے خارج کردیا گیا ہے، 13 طلباء کو موجودہ سمسٹر سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ 6 طلباء پر 5 ہزار سے 15 ہزار روپے تک جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ چند روز قبل یو ای ٹی کے ایک طالب علم کی ہلاکت کے بعد طلباء نے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا تھا، مظاہرین نے طالب علم کی موت کے واقعے پر شفاف تحقیقات، ذمہ داروں کے تعین اور طلباء کو بہتر سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا، احتجاج کے دوران یونیورسٹی کیمپس میں کشیدگی بھی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد انتظامیہ نے معاملے کی تحقیقات کے لیے انضباطی کارروائی کا آغاز کیا۔
ترجمان یو ای ٹی کا کہنا ہے کہ انضباطی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں متعلقہ طلباء کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، تمام متاثرہ طلباء کو یونیورسٹی قوانین کے مطابق فیصلے کے خلاف اپیل کا مکمل حق حاصل ہے، اگر کوئی طالب علم اپیل دائر کرتا ہے تو اس پر قانون اور ضابطوں کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert