کوئٹہ کی نصف آبادی کے شناختی کارڈ بلاک ہونے کی خبر بے بنیاد ، شناختی کارڈز اجتماعی طور پر بلاک نہیں کیے جاتے ، نادرا

شناختی ریکارڈ میں تضاد کی صورت میں انفرادی بنیادوں پر کارروائی ہوتی ہے


اسلام آباد/کوئٹہ (قدرت روزنامہ)نادرا نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس دعوے کی تردید کردی ہے کہ کوئٹہ کی نصف آبادی کے شناختی کارڈ بلاک کر دیے گئے ہیں۔نادرا کے مطابق یہ دعوی درست نہیں اور حقائق کے منافی ہے۔ نادرا کسی بھی شہری کا شناختی کارڈ اجتماعی یا بلاجواز بنیادوں پر بلاک نہیں کرتا۔نادرا حکام کا کہنا ہے کہ اگر کسی شہری کے ریکارڈ میں شہریت، شناخت یا خاندانی اندراج سے متعلق معتبر شواہد کی بنیاد پر کوئی تضاد سامنے آئے تو ہر کیس کا انفرادی طور پر قانون اور مقررہ ضابطوں کے مطابق جائزہ لیا جاتا ہے۔بیان کے مطابق متاثرہ شہریوں کو اپنا موقف پیش کرنے اور متعلقہ دستاویزات جمع کرانے کا مکمل موقع فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ کسی بھی فیصلے سے قبل قانونی طریقہ کار مکمل کیا جاتا ہے۔نادرا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور شناختی کارڈ سے متعلق معلومات کے لیے صرف نادرا کے سرکاری ذرائع سے رجوع کریں۔

WhatsApp
Get Alert